کراچی پولیس نے ایک ایسے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جو موبائل ایپلی کیشنز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے منشیات فروشی اور ترسیل کے دھندے میں ملوث تھا، یہ کارروائی ایس ایس پی عارف اسلم راؤ اور ان کی ٹیم نے جمشید کوارٹر کے علاقے گرو مندر کے قریب کی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم عبدالظہور کے قبضے سے تین کلوگرام سے زائد منشیات برآمد ہوئی ہیں جن میں چرس بھی شامل ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم خیبر پختونخوا سے منشیات کراچی لا کر مختلف علاقوں میں آن لائن ترسیل کے ذریعے سپلائی کرتا تھا۔ اس نیٹ ورک میں آئس، کرسٹل، ہیروئن اور چرس جیسی منشیات بھی شامل تھیں۔
پولیس نے ملزم کے خلاف ایس آئی یو تھانے میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔
اس سے قبل کورنگی میں انسدادِ منشیات ونگ نے ایک اور کارروائی کے دوران میرزا علی نامی ملزم کو گرفتار کیا تھا جو پشاور سے کراچی میں ہیروئن اسمگلنگ اور فراہمی کے بڑے نیٹ ورک سے وابستہ تھا۔
اس کے قبضے سے 10اعشاریہ 4 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی جس کی بین الاقوامی منڈی میں قیمت تقریباً 20 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
اہلکاروں کے مطابق میرزا علی کراچی کے مختلف علاقوں میں ہیروئن سپلائی کرتا تھا اور وہ ایک بین الصوبائی گروہ کا حصہ تھا۔ اس گرفتاری کے بعد توقع ہے کہ مزید منشیات فروشوں اور اسمگلروں تک رسائی حاصل کی جا سکے گی۔
ملک بھر میں انسدادِ منشیات کی حالیہ کارروائیوں میں گزشتہ ایک سال کے دوران ایک ہزار میٹرک ٹن سے زائد منشیات برآمد کی گئی ہے جس کا مقصد منشیات فروشوں کے نیٹ ورکس کو ختم کرنا اور بڑے پیمانے پر ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








