کراچی میں ہائی الرٹ، شہریوں کیلئے پبلک سیفٹی ایڈوائزری جاری، جانئے تفصیل

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی شہر کا ایک منظر
علامتی تصویر

کراچی پولیس چیف آزاد خان نے پاک-افغان سرحد کے قریب بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر شہر کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور عوام کے لیے پبلک سیفٹی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ شہریوں کو چوکنا رہنے اور ہر صورت باخبر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق پاک افغان سرحد پر پاکستان اور افغان طالبان فورسز کے درمیان کشیدگی کے باعث پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے اہم داخلی و خارجی راستوں، نقل و حمل کے مراکز، حساس مقامات اور عوامی جگہوں پر سیکیورٹی سخت کر دی ہے۔ اس کا مقصد کسی بھی ممکنہ خطرے کو پہلے سے روکنا اور ناکام بنانا ہے۔

شہریوں اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ:

  • مشکوک سرگرمی، غیر معمولی نقل و حرکت، لاوارث اشیا یا حساس مقامات پر مشکوک افراد دیکھنے پر فوراً مددگار 15 پولیس کو اطلاع دیں۔

  • سیکیورٹی اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں اور چیک پوسٹس یا سرچ آپریشنز کے دوران تعاون کریں۔

  • کسی بھی معلومات کی تصدیق کریں اور غیر مصدقہ افواہوں یا خوف پھیلانے والے مواد کو سوشل میڈیا پر ہرگز شیئر نہ کریں۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ حال ہی میں شاپنگ سینٹرز اور تجارتی علاقوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی جھوٹی اطلاعات کے باعث عوام میں خوف و ہراس پیدا ہوا، لہٰذا شہری صرف سندھ پولیس، مقامی انتظامیہ یا سرکاری پریس بریفنگز کے جاری کردہ سرکاری بیانات پر بھروسہ کریں۔

مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہوائی اڈے اور اہم مقامات پر بڑھتی ہوئی سیکیورٹی کے پیش نظر گھر سے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے روانہ ہوں۔ ہوائی اڈے پر رش سے بچنے کے لیے صرف ایک ہمراہ شخص کو ڈراپ آف یا پک اپ پوائنٹ تک جانے کی اجازت ہوگی۔

شہری اپنا قومی شناختی کارڈ ہمیشہ ساتھ رکھیں اور کسی بھی مشکوک صورت حال میں فوری طور پر مددگار 15 پر رابطہ کریں یا پولیس کی لینڈ لائن 021-99225327 پر اطلاع دیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے تحفظ کے لیے مکمل تیار ہیں، اور تمام اقدامات امن، استحکام اور عوامی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ شہری اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے تعاون جاری رکھیں۔

Related Posts