کراچی پولیس نے گزشتہ ہفتے جرائم کی روک تھام کے لیے اسٹریٹ کرمنلز، منشیات فروشوں اور مفرور ملزمان کے خلاف کامیاب کارروائیوں کی رپورٹ جاری کردی ہے۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گزشتہ ہفتے کراچی کے مشرقی ضلع، مغربی ضلع اور شمالی ضلع کے علاقوں میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 1006 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں منشیات کیخلاف مہم کے دوران بھاری مالیت کی 199 کلو 545 گرام چرس، 01 کلو 186 گرام آئس و کرسٹل اور 626 گرام ہیروئن برآمد کی۔
پولیس کے مطابق گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 192 سے زائد مختلف اقسام کا غیرقانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن اور 11 دستی بم تحویل میں لیے گئے۔
شہر میں انسداد جرائم کے دوران ملزمان سے پولیس کے 08 مقابلہ ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں 02 ڈاکو ہلاک اور 08 زخمی سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر کے 11 پستول، 02 مسروقہ موٹر سائیکلیں، 01 کار، چھینے گئے موبائل فونز اور دیگر سامان تحویل میں لئے گئے.
اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کراچی نے سنگین جرائم میں ملوث 12 ملزمان کو گرفتار کر کے 11 پستول، 05 کلو چرس اور 01 موٹرسائیکل تحویل میں لے لی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران اینٹی وھیکل لفٹنگ سیل نے 04 کار اور موٹرئیکل لفٹرز کو گرفتار کر کے 07 چھینی اور چوری شدہ موٹرسائیکلیں برآمد کی۔
کراچی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 65 چھینی و چوری شدہ موٹرسائیکلیں اور 02 گاڑیاں تحویل میں لے لیں۔ کراچی پولیس کیجانب سے جرائم کے خاتمے، امن وامان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات جاری رہینگے۔
یہ بھی پڑھیں : آوارہ گردوں کا ٹولہ آج سوات میں نیا ڈرامہ رچائے گا، فواد چوہدری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








