کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے بتایا ہے کہ شہر کے سفاری پارک میں 15 مختلف جانوروں کی پیدائش ہوئی ہے۔
میونسپل ادارے کے مطابق پارک میں ایک جنگلی بھیڑ، چار پہاڑی بکریاں، چار سیاہ ہرن، دوداغدار ہرن، ایک گھوڑا، دو بھورے داغدار ہرن اور ایک سفید فالو ہرن کی ولادت ہوئی ہے۔
کے ایم سی کے ترجمان دانیال سیال کے مطابق وٹرنری ٹیم نے تمام نوزائیدہ جانوروں کا مکمل طبی معائنہ کیا اور ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ تمام جانور صحت مند ہیں۔ ان کے مستقل دیکھ بھال کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ نوزائیدہ جانوروں کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے اور ان کے لیے پائیدار ماحول فراہم کیا جائے۔
کے ایم سی نے یہ بھی اعلان کیا کہ کراچی چڑیا گھر میں 16 نومبر کو تین شیر کے بچے پیدا ہوئے، جن کی صحت اچھی ہے اور ان کی ماں بھی مسلسل دیکھ بھال کے تحت ہے۔
چڑیا گھر کے اہلکار کے مطابق شیر کے بچوں کی پیدائش کا اعلان 10 دن بعد کیا گیا کیونکہ ابتدائی ہفتوں میں یہ بچے نہایت نازک ہوتے ہیں، اندھے پیدا ہوتے ہیں اور مکمل طور پر اپنی ماں پر انحصار کرتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








