کراچی کی گیس نجی الیکٹرک کمپنی کو دینے کا فیصلہ! گھریلو صارفین کیلئے لوڈ شیدنگ کا نیا شیڈول

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کو مقامی وسائل سے گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سپلائی میں استحکام لایا جا سکے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کو موجودہ صورتحال میں گیس کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے شہر میں گیس کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہر میں 100 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی کمی متوقع ہے جس کے پیش نظر کل سے نئے گیس شیڈول کو نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی میں حالیہ بارش کے بعد کئی علاقوں میں بجلی اور گیس کی سہولیات متاثر ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کے ساتھ ساتھ ایس ایس جی سی کا نظام بھی بارش کے دباؤ کا سامنا نہ کر سکا۔

بارش کے سبب کے الیکٹرک کے تقریباً 700 فیڈرز بند ہو گئے جبکہ سب اسٹیشنز میں پانی جمع ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی گھنٹوں تک بند رہی۔ بجلی کی تاریں ٹوٹنے اور پی ایم ٹیز خراب ہونے کے باعث بھی بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی۔

شہری علاقوں جیسے سلطان آباد، لانڈھی، کورنگی، سعود آباد اور شاہ فیصل کے متعدد حصے بجلی سے محروم ہیں۔ اس کے علاوہ کاٹھور، گڈاپ، اورنگی ٹاؤن، منگھوپیر، سائٹ ایریا، نیو کراچی، سرجانی، گارڈن، اسکیم 33، ایف بی ایریا، گلشن اقبال، ملیر، شیر شاہ، بلدیہ اور اتحاد ٹاؤن میں بھی بجلی کی بندش جاری ہے۔

اسی دوران شہر کے مختلف حصوں میں دوپہر ایک بجے سے گیس کی فراہمی بھی بند ہو گئی ہے۔ لو پریشر اور گیس کی بندش سے گھریلو صارفین، ہوٹل مالکان اور صنعتی علاقوں میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس ایس جی سی کے سسٹم میں گیس کی کمی کے باعث شہر میں گیس کی سپلائی معطل ہے۔

Related Posts