کراچی کے محسود پشتون قبیلے نے محسود قوم سے تعلق رکھنے والے ڈکیتوں کے خلاف اہم فیصلہ کرلیا۔
پیر 18 اگست کو کراچی کے علاقے منگھو پیر میں محسود قومی جرگہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈکیتیوں میں ملوث محسود قوم سے تعلق رکھنے والے افراد کے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
جرگے نے متفقہ طور پر طے کیا کہ محسود قوم سے تعلق رکھنے والا کوئی ڈکیت گرفتار ہوجائے تو جو بھی شخص یا اس کے رشتہ دار ڈکیت کی رہائی یا ضمانت کی کوشش کریں گے ان کا سماجی بائیکاٹ کیا جائے گا، کیونکہ سوشل میڈیا پر اعتراف جرم کے بعد یہ ڈکیت کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں کراچی میں پکڑے جانے والے کچھ ڈکیتوں کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جن کا تعلق محسود قبیلے سے ہے اور وہ ڈکیتیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کر رہے ہیں۔
جرگے میں مزید یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آئندہ جمعہ کو کمیٹی کا خصوصی اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں محسود قبیلے کی ذیلی شاخوں کے مشران بھرپور شرکت کریں گے۔ اس میٹنگ میں کمیٹی کو ازسرنو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ سخت فیصلے اور عملی اقدامات بھی متوقع ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








