سندھ کی مڈ وائف نیہا منکانی کو عالمی شہرت یافتہ میگزین ٹائم نے اپنی سالانہ TIME 100 Climate 2025 فہرست میں شامل کرلیا ہے۔ نیہا اس فہرست میں شامل ہونے والی واحد پاکستانی خاتون ہیں۔
نیہا منکانی کو اس فہرست میں ڈیفینڈر کے طور پر شامل کیا گیا ہے جہاں وہ دنیا کے بڑے رہنماؤں، وزرا، سی ای اوز اور پوپ لیو کے ساتھ جگہ بنا رہی ہیں۔
نیہا کا ادارہ ماما بیبی فنڈ دس سال قبل قائم کیا گیا تھا تاکہ ساحلی اور موسمیاتی بحران زدہ علاقوں میں خواتین اور بچوں کو زندگی بچانے والی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ آج یہ ادارہ کراچی کے قریب بابی آئی لینڈ پر کلینک چلا رہا ہے جہاں گزشتہ سال 4,000 حاملہ خواتین کے چیک اپ کیے گئے اور 200 نوزائدہ بچوں کا علاج کیا گیا۔ ادارہ ایک ایمبولینس بوٹ بھی چلاتا ہے جو مریضوں کو کیماڑی اسپتال لے جاتا ہے۔
نیہا نے ٹائم کو بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سب سے زیادہ خواتین کو متاثر کرتے ہیں لیکن ان کے مسائل پر کم توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماؤں کی دیکھ بھال ایک کم لاگت قابل رسائی حل ہے خاص طور پر پاکستان جیسے ملک میں جہاں نوزائدہ بچوں کی اموات کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے مگر اس پر پالیسی توجہ نہیں دیتی۔
نیہا کو اس سے قبل 2023 میں بی بی سی کی 100 خواتین کی فہرست میں بھی شامل کیا جا چکا ہے جہاں ان کا نام مشیل اوباما، ایمل کلونی اور ہدہ کیٹن جیسے عالمی ناموں کے ساتھ تھا۔ انہیں امریکا کے پاکستان مشن کی جانب سے بھی ایوارڈ مل چکا ہے۔
نیہا منکانی انٹرنیشنل کانفیڈریشن آف مڈ وائیوز میں ہیومینیٹرین انگیجمنٹ اینڈ کلائمیٹ ایڈوائزر بھی ہیں اور انہوں نے کراچی کے ہائی رسک وارڈ میں 16 سال کام کیا جہاں سے انہوں نے ساحلی جزیروں کی خواتین کی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھا۔
نیہا منکانی کون ہیں
نیہا منکانی ایک پاکستانی مڈوائف (دائی) ہیں اور 2023 میں بی بی سی کی 100 خواتین کی فہرست میں شامل ہو چکی ہیں۔ وہ نہ صرف مڈوائف کی اہمیت اجاگر کرتی ہیں بلکہ مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے فنڈز بھی جمع کرتی ہیں اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر بھی توجہ دلاتی ہیں۔

نیہا نے تعلیم کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز سے سوشیل سائنسز میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی اور پھر فلبرائٹ اسکالر کے طور پر امریکہ میں کولمبیا یونیورسٹی سے پبلک ہیلتھ میں ماسٹرز کی ڈگری لی۔ وہ ICM یانگ لیڈرز پروگرام کی بھی حصہ دار رہ چکی ہیں۔
تعلیم کے دوران، نیہا نے یوگنڈا کے ریفیو جی کیمپ میں کام کیا۔ ماسٹرز مکمل کرنے کے بعد انہوں نے لیڈی ڈفرن ہسپتال کے مڈوائف پروگرام میں شمولیت اختیار کی اور اپنے دوستوں و خاندان کے ساتھ مریضوں کی مالی معاونت کے لیے چھوٹا سا فنڈ جمع کیا۔

2015 میں نیہا نے پاکستان میں کم سہولت یافتہ علاقوں میں ماؤں اور بچوں کے لیے صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے کلینکس شروع کیے۔ 2019 میں انہوں نے کراچی میں ماما بیبی فنڈ قائم کیا تاکہ وہ خاندانوں کو قبل از پیدائش، بعد از پیدائش اور نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کے لیے مالی مدد فراہم کر سکیں۔

2020 میں نیہا کراچی کے ساحل سے دور بابا آئی لینڈ جاتی تھیں تاکہ وہاں مریضوں کی دیکھ بھال کر سکیں۔ وہ صرف مڈوائف نہیں بلکہ کمیونٹی کی دیگر طبی سہولیات بھی فراہم کرتی ہیں اور ڈیزاسٹر رسپانس منصوبے بھی بناتی ہیں۔ 2022 میں سیلاب کے دوران انہوں نے سندھ کے متاثرہ علاقوں میں کام کیا اور وہاں ماں اور بچے کی دیکھ بھال کے کلینکس چلائے۔

نیہا انٹرنیشنل کنفیڈریشن آف مڈوائف میں ہیومینیٹرین انگیجمنٹ اور کلائمیٹ ایڈوائزر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ جنوبی ایشیا میں PUSH کیمپین کی علاقائی کوآرڈینیٹر بھی ہیں۔ مارچ 2024 میں انہوں نے امریکہ کے گو لیٹا میں ڈائریکٹ ریلیف کے انٹرنیشنل ویمنز ڈے کے موقع پر تقریر بھی کی۔
نیہا منکانی کو مختلف اعزازات بھی مل چکے ہیں جن میں 2021 میں بیاونڈ اپلاز، ہیروئنز آف ہیلتھ ایوارڈ، 2023 میں امریکہ کے پاکستان مشن کا وومن آف کرج ایوارڈ اور بی بی سی کی 100 خواتین کی فہرست شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








