کراچی کی سڑکیں خون آلود! ریڈ بس نے ڈیفنس موڑ پر 12 سالہ بچے کی جان لے لی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی میں ٹریفک حادثات کے بڑھتے ہوئے واقعات کے درمیان ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس نے شہریوں کو شدید غم اور تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ ڈیفنس موڑ سگنل کے قریب تیز رفتار ریڈ بس کی ٹکر سے 12 سالہ بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ حادثے کے بعد علاقے میں خوف اور افسردگی کی فضا قائم ہو گئی۔

پولیس حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور کارروائی کرتے ہوئے ریڈ بس کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار شخص کی شناخت صہیب اللہ کے نام سے ہوئی ہے جسے بعد ازاں ڈیفنس تھانے کے لاک اپ میں منتقل کر دیا گیا۔

حکام نے مزید بتایا کہ حادثے میں ملوث ریڈ بس کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی قانونی اور تفصیلی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔

دوسری جانب کراچی کے ہی ایک اور علاقے صدر میں زینب النسا مارکیٹ کے قریب بھی ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا جہاں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک کار نے موٹرسائیکل سوار کو زور دار ٹکر ماری جس کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کنارے فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی۔ اس واقعے میں موٹرسائیکل سوار اور ایک راہگیر زخمی ہوئے۔

زخمیوں کی شناخت 25 سالہ دلدار اور 30 سالہ ظہیر کے نام سے کی گئی ہے جبکہ ریسکیو حکام کے مطابق دونوں افراد کو معمولی چوٹیں آئیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

Related Posts