کراچی کی ٹریفک اور سفر کا انداز بدلنے والا ہے؟ دو منزلہ بسیں، زیادہ گنجائش اور ایک نیا تجربہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

کراچی کے شہریوں کے لیے سفری سہولیات میں ایک خوش آئند پیش رفت سامنے آ ئی ہے جہاں طویل عرصے بعد ڈبل ڈیکر بسوں کی واپسی کا عملی مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی نئی ڈبل ڈیکر بسیں کراچی کی بندرگاہ پر پہنچ گئی ہیں جو شہر کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ایک نمایاں اضافہ تصور کی جا رہی ہیں۔

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ آئیکونک ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پہنچ گئی ہیں اور انشاء اللہ جلد سندھ حکومت کے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت شہر کی سڑکوں پر چلتی نظر آئیں گی۔ ان بسوں کو کراچی کے عوام کے لیے ایک جدید، آرام دہ اور زیادہ گنجائش والی سفری سہولت کے طور پر متعارف کروایا جا رہا ہے۔

ڈبل ڈیکر بسیں سندھ حکومت کی شہری نقل و حرکت کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور پیپلز بس سروس نیٹ ورک کو وسعت دینے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ نئی بسیں نہ صرف روزمرہ مسافروں کے لیے سہولت فراہم کریں گی بلکہ امکان ہے کہ انہیں شہر کے اہم تجارتی اور مصروف روٹس کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقاصد کے لیے مخصوص روٹس پر بھی چلایا جائے۔

سینئر وزیر نے اپنے پیغام میں کہاکہ ڈبل ڈیکر بسیں کراچی کے لیے بندرگاہ پر پہنچ گئی ہیں۔ انشاء اللہ جلد یہ بسیں سندھ حکومت کے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کراچی کے عوام کے لیے سڑکوں پر ہوں گی۔

حکام کے مطابق اگرچہ بسوں کے باضابطہ آغاز کی تاریخ اور روٹس کا اعلان جلد کیا جائے گا تاہم اس وقت آپریشنل تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ان تیاریوں میں ڈرائیورز کی خصوصی تربیت، ڈپو سہولیات اور بسوں کو شہر کے مصروف روڈ نیٹ ورک میں مؤثر طریقے سے شامل کرنے کے انتظامات شامل ہیں۔

یہ منصوبہ سندھ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی وسیع تر اصلاحاتی پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت حالیہ مہینوں میں الیکٹرک بس سروس کے نئے روٹس متعارف کرائے گئے اور خواتین کی خود مختار نقل و حرکت کے لیے پنک سکوٹی اسکیم کا آغاز بھی کیا گیا۔ ان اقدامات سے کراچی کے شہریوں کو محفوظ، سستی اور بہتر سفری سہولیات میسر آنے کی امید ہے۔

Related Posts