کراچی میں پانی کا نظام درہم برہم، ٹینکر مافیا کی چاندی، قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

واٹر ٹینکر، فائل فوٹو

کراچی کے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہو گئی ہے، جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ زندگی میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے مختلف سیکٹرز میں گزشتہ 27 دن سے پانی کی سپلائی بند ہے، جبکہ عزیز آباد کے مختلف بلاکس میں 10 روز سے پانی کی فراہمی معطل ہے۔ اسی طرح ناظم آباد، نیو کراچی اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں میں بھی گزشتہ 15 دن سے پانی کی قلت برقرار ہے۔

گلشن اقبال کے مختلف بلاکس میں بھی پانی کی شدید کمی کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ کورنگی، لانڈھی اور ابراہیم حیدری کے علاقوں میں گزشتہ 5 روز سے پانی کی سپلائی بند ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق پانی کی قلت کے باعث ٹینکر مافیا سرگرم ہو گیا ہے اور قیمتوں میں مبینہ طور پر 200 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے شہری مزید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 29 مارچ کو بلدیہ ٹاؤن میں پانی کی لائن پھٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد کارپوریشن حکام نے بتایا تھا کہ متاثرہ لائن سے پانی نکالنے اور مرمتی کام کے لیے ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔

کارپوریشن کے مطابق مرمتی کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے اور بحالی کے بعد بلدیہ ٹاؤن سمیت متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی، جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔

Related Posts