ملک بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی ہر ممکن حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنے کے لیے آجملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔

یہ دن بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے خلاف ڈھائے جانے والے بدترین ظلم کو بے نقاب کرنے کے لیے بھی منایا جا تا ہے۔ ملک بھر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

اسلام آباد، مظفرآباد، گلگت اور چاروں صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں یکجہتی واک کا انعقاد کیا جائے گا۔ کوہالہ اور پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے دیگر اہم مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:دہشت گرد را سے ہاتھ ملا کر پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، شیخ رشید

سرکاری چینلز کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔

جمعہ کو اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے کہا تھاکہ پاکستان کو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ معصوم کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل بلاامتیاز جاری ہے۔ شاید ہی کوئی دن ایسا گزرتا ہو جس میں بھارتی قابض افواج کے جعلی مقابلے یا نام نہاد محاصرے اور تلاشی کے آپریشن کی خبر نہ ہو۔

Related Posts