کراچی چیمبر آف کامرس کا کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کا مطالبہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: بزنس ریکارڈر)

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  نے سندھ پولیس اور وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کا مطالبہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق قائم مقام صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری الطاف غفار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندھ کی تمام شاہراہوں پر ڈاکو راج کرتے ہیں، ہمیں مجرمانہ سرگرمیوں میں اضافے پر تشویش ہے۔

قائم مقام صدر کراچی چیمبر آف کامرس نے کہا کہ صوبے کی تمام شاہراہوں پر لوٹ مار، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور قتل کی وارداتیں بڑھ رہی ہیں۔ مغرب کے بعد سندھ کی شاہراہوں سے گزرنا لگ بھگ ناممکن ہے۔ مال گاڑیاں سامان نہیں لے جاتیں۔

صدر کراچی چیمبر آف کامرس  نے کہا کہ مال گاڑیوں کی جانب سے سامان لے جانے سے انکار لاقانونیت کے باعث ہوتا ہے۔ ڈاکو سپر ہائی وے، نیشنل ہائی وے اور انڈس ہائی وے پر مقررہ جگہوں پر وارداتیں کرتے ہیں جبکہ وارداتوں کا دائرہ کچے کے علاقے سے نکل کر شاہراہوں تک پھیل چکا ہے۔

انہوں  نے کہا کہ تاجر برادری کو سامان کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہے جو ایک دردِ سر بن چکا ہے، ترسیل میں خلل کے باعث ذرائع آمدورفت کی لاگت میں اضافہ ہوچکا ہے۔ سندھ حکومت عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔

الطاف غفار کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کرے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سمجھ میں نہیں آتا کہ ڈاکوؤں کے پاس ملٹری طرز کا اسلحہ کیسے پہنچ رہا ہے؟

Related Posts