کراچی سرکلر ریلوے کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے جس کے بعد 500 شہری بیک وقت آرام دہ سفر سے لطف اندوز ہوسکیں گے، پہلی افتتاحی ٹرین آج شام 4 بج کر 16 منٹ پر اورنگی سے روانہ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے کے دوسرے مرحلے کی تکمیل ہو گئی، سٹی اسٹیشن سے اورنگی تک ٹریک کو کے سی آر آپریشنل ٹریک کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
سٹی اسٹیشن سے اورنگی تک 14 کلو میٹر کے ٹریک پر 8 اسٹیشنز اور 12 پھاٹک ہیں۔ کے سی آر 1 اپ اورنگی اسٹیشن سے شام 4 بج کر 16 منٹ پر روانہ ہوگی۔
اورنگی سے براستہ منگھوپیر، سائٹ، شاہ عبداللطیف، بلدیہ، لیاری اور وزیر مینشن اسٹیشن سے ہوتی ہوئی سرکلر ریلوے ٹرین سٹی اسٹیشن ٓپہنچے گی۔
کے سی آر ٹرین سٹی اسٹیشن پہنچنے کے بعد معمول کے روٹ کے مطابق دھابیجی پہنچے گی۔ کے سی آر 2 ڈاؤن صبح 10 بج کر 10 منٹ پر اورنگی اسٹیشن پہنچے گی۔
ٹرین مجموعی طور پر اورنگی سے دھابیجی تک 74 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ کے سی آر ٹرین 5 کوچز پر مشتمل ہے جن میں 500 مسافر آرام دہ سفر کرسکیں گے۔
سفر کا کرایہ 30 روپے رکھا گیا ہے۔ آج صبح کے سی آر 2 ڈاؤن پر ڈی ایس کراچی محمد حنیف گل اور کے سی آر کے پراجیکٹ ڈائریکٹر امیر محمد داؤڈ پوتہ نے سفر کیا۔
یہ سفر محمد حنیف گل اور پی ڈی کے سی آر نے متعلقہ افسران کے ہمراہ سٹی اسٹیشن سے لے کر اورنگی تک کیا۔ حکامِ بالا نے کے سی آر منصوبے کے دوسرے مرحلےکی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن رہنماؤں نے سینیٹ الیکشن پر میری بات نہ مانی تو روئیں گے۔وزیرِ اعظم
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








