عمران خان کے حوالے سے آئی ایس پی آر کا ردِ عمل فطری ہے۔خواجہ آصف

تازہ ترین

تازہ ترین

خواجہ آصف
(فوٹو: آن لائن)

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے سے ترجمان پاک فوج (آئی ایس پی آر) کا ردِ عمل فطری ہے۔ اگر پی ٹی آئی والے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیں گے تو یہی زبان سنیں گے جو سنی۔

تفصیلات کے مطابق شاہزیب خانزادہ کے پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ فوج پر تنقید ہم نے بھی کی لیکن کبھی ریڈ لائن کراس نہیں کی۔ پی ٹی آئی والے اگر دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں لڑ سکتے، نہ اس جنگ کو اپنا سکتے ہیں اور اگر ہندوستانی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہیں تو پھر ان کیلئے یہی زبان ہوگی۔ گزشتہ چار پانچ سال میں حالات کی خرابی کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔

پروگرام کے دوران گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کی بھارتی میڈیا سے گفتگو فیصلہ کن مرحلہ تھی، انہوں نے بھارت کے ساتھ کشیدہ ماحول میں جان بوجھ کر بات چیت کی۔ سوشل میڈیا پر سب کچھ تحریکِ انصاف کی مرضی سے ہورہا ہے۔ کیا پی ٹی آئی نے اس کی مذمت بھی کی جو کچھ سوشل میڈیا پر ہورہا ہے؟

چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر کو پارٹی میں کوئی لفٹ نہیں کراتا۔ پارٹی کارکنان ان کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں۔ چیئرمین کیا بات کریں گے جب ان کی پارٹی مخالفانہ بیانات دے رہی ہو۔ وزیر اعلیٰ کے پی کے دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں لڑ رہے۔ پی ٹی آئی تو اس جنگ کی کھلی مخالف ہے۔

Related Posts