وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر پاکستان کا مؤقف نہیں بدلے گا۔پاکستان کو غزہ بھیجے جانے والی فورس کا حصہ بننا ہوگا۔ابراہم اکارڈ سے متعلق بھی ہمارا مؤقف واضح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، اور پاکستان میں جو دراندازی ہوتی ہے اس میں بھارت ملوث ہے۔
گفتگو کے دوران وزیر دفاع نے کہا کہ سعودی عرب، یو اے ای، ایران اور چین سمیت دیگر ممالک چاہتے ہیں کہ پاکستان میں دراندازی ختم ہو، ہم دو محاذوں پر مصروف ہوئے تو فائدہ بھارت اٹھائے گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کبھی نہیں چاہے گا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہوں۔ ہم بھارتی آرمی چیف کے بیانات کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ لگتا نہیں کہ مستقبل میں بھارت پاکستان کے خلاف کسی معرکے کا سوچے گا، مودی حکومت کو ہر کوئی یاد کرا رہا ہے کہ انہیں معرکہ حق میں ہزیمت کا سامنا ہوا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








