اسلام آباد:احتساب عدالت نے کڈنی ہل ریفرنس میں سلیم مانڈوی والا سمیت تمام ملزمان پر 16 مارچ کو فرد جرم عائد کرنےکا فیصلہ کرلیا ہے۔
آج سلیم مانڈوی والا اور دیگر کے خلاف کڈنی ہل ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی،احتساب عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا، سلیم مانڈوی والا، اعجاز ہارون، طارق محمود و دیگر ملزمان کو 16 مارچ کو طلب کرلیا گیا۔
سلیم مانڈوی والانے عدالت کو بتایا کہ بے نامی ٹرانزیکشن کا الزام غلط ہے،ایک ایک ٹرانزیکشن کا جواب اور منی ٹریل موجود ہے جبکہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے آئین و قانون کےمطابق الیکشن کرائے ہیں۔
اس سے قبل احتساب عدالت نے نیب کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کیلئے مزید دو ہفتے کی مہلت دی تھی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں سلیم مانڈوی والا کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی،جج نے نیب سے پوچھا کہ کیا یہ مکمل ریفرنس ہے ؟ یا ضمنی ریفرنس بھی دائر کرنا ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ مرکزی ریفرنس ہے ضرورت پڑنے پر ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا جس کے بعد عدالت نے دو ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے آئندہ سماعت تک ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔