کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ کنزہ ہاشمی کا تازہ فوٹو شوٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، اداکارہ نے اپنی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں، جنہیں مداحوں کے ساتھ ساتھ شوبز انڈسٹری کے حلقوں سے بھی خوب پذیرائی ملی۔
اس فوٹو شوٹ میں کنزہ ہاشمی کو ایک معروف میگزین نے ’’پاکستان کی سب سے خوبصورت اور ہمہ جہت اداکارہ‘‘ قرار دیا ہے۔ میگزین کے مطابق اداکارہ نے کم وقت میں اپنی صلاحیتوں اور منفرد انداز سے جنریشن زی کے لیے عالمی سطح پر شہرت حاصل کی ہے۔
کنزہ ہاشمی کا کامیاب سفر صرف ڈراموں تک محدود نہیں رہا۔ ان کے ریکارڈ توڑنے والے ٹیلی فلم روپوش نے 380 ملین سے زائد ویوز کے ساتھ تاریخ رقم کی اور انہیں پاکستان کی سب سے زیادہ دیکھے جانے والی اسٹارز میں شامل کر دیا۔
اس کے علاوہ وہ واحد پاکستانی اداکارہ ہیں جو بین الاقوامی گانوں میں بھی جلوہ گر ہوئیں، جن میں تیرے بنا نہ گزارا اور ہوا بن کے شامل ہیں۔
ان گانوں میں کنزہ نے بھارتی فنکاروں منور فاروقی، نیہا ککڑ، جوش برار اور کرن واہی کے ساتھ کام کر کے اپنی فنکارانہ وسعت کو منوایا۔
اداکارہ نے نہ صرف ٹی وی بلکہ میوزیکل فلموں اور ویب پراجیکٹس میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ ان کے نمایاں ڈراموں میں میرے بن جاؤ اور لیکڈ ویڈیو شامل ہیں جبکہ کٹر کراچی میں بطور ہیروئن ان کی کارکردگی کو بھی خوب سراہا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ کنزہ نے ریپر طلحہ انجم کے ساتھ بھی کامیاب میوزیکل پراجیکٹس کیے۔
کنزہ ہاشمی نے اپنے کیرئیر میں روایتی کرداروں سے ہٹ کر کئی منفرد اور جرات مندانہ کردار بھی نبھائے، جن میں خوشبو میں بسے خط، حسنہ اور شیریں فرہاد شامل ہیں۔
حال ہی میں انہیں برطانوی جریدے ایسٹرن آئی کی ’’انڈر 30 یوتھ موٹیویشن‘‘ لسٹ میں بھی شامل کیا گیا، جو ان کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
کنزہ ہاشمی اس وقت نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں جنریشن زی کی ایک نمایاں اور متاثرکن فنکارہ کے طور پر پہچانی جاتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








