پشاور: پاکستان میں بھی کرپٹو کرنسی اور بٹ کوائن کو قانونی شکل دینے کی تیاریاں شروع، خیبر پختونخوا اسمبلی نے کرپٹو کرنسی کے حوالے سے متفقہ قرار داد پاس کرنیوالی اسمبلی کا اعزاز حاصل کرلیا۔
پی ٹی آئی کی ایم پی اے ڈاکٹر سمیراشمس نے صوبائی اسمبلی میں قرارداد پیش کی،اس قرارداد کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ رجحانات سے پتہ چلتا ہے کہ ڈیجیٹل کرنسی کو مستقبل میں کاغذ ی کرنسی کی جگہ لینی ہوگی۔
دنیا کے متعدد مرکزی بینکوں نے کرپٹو کرنسی کو رجسٹرڈ اور جاری کیا ہے ، امریکا سمیت متعدد ممالک نے کرپٹو کرنسی اور بٹ کوائن کو متعارف کرانے اور قانونی شکل دینے کی سمت ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔
دنیا میں ہونیوالی اس پیشرفت کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ضروری قانون سازی کے نفاذ کے بعد کرپٹو کرنسی کا اندراج اور باضابطہ طور پر متعارف کروائے۔
واضح رہے کہ معروف ٹی وی اینکر و سماجی کارکن وقار ذکا ء بھی کرپٹو کرنسی کو قانونی شکل دینے کیلئے عدالتوں میں قانونی جنگ لڑ رہے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ کرپٹو کرنسی کو قانونی شکل دینے سے پاکستان کو بھرپور فائدہ ہوگا اور مستقبل کیلئے راہ ہموار ہوگی۔