پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز تیزی کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 1لاکھ 63 ہزار پوائنٹس کے قریب پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز کے ایس ای 100 انڈیکس میں 700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا، اور انڈیکس 1لاکھ 62ہزار 936اعشاریہ 93پوائنٹس پر بند ہوا جو 710.66 پوائنٹس یا 0.44فیصد کا اضافہ ہے۔
کاروباری اوقات کے دوران سرمایہ کاروں کی اہم شعبوں میں مستحکم دلچسپی دیکھی گئی، جن میں گاڑیوں کی اسمبلنگ، سیمنٹ، کمرشل بینک، کھاد، تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، او ایم سیز، اور پاور جنریشن و ریفائنری اسٹاک شامل ہیں۔
یاد رہے کہ بدھ کو بھی اسٹاک ایکسچینج میں کم ٹریڈنگ والیوم کے باوجود مارکیٹ میں اضافہ ریکارڈ کیا، جس میں KSE-100 انڈیکس 1,291.15 پوائنٹس (0.8%) کے اضافے کے ساتھ 162,226.28 پر بند ہوا، جو مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
دریں اثنا، پاکستان نے مالی سال 2025-26 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران 2.29 ارب امریکی ڈالر کی غیر ملکی معاونت حاصل کی۔ اس میں کثیر الجہتی اور دو طرفہ قرضے، مختلف گرانٹس اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے تحت کی جانے والی سرمایہ کاری شامل ہے۔ اقتصادی امور ڈویژن کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ میں ان مالی تعاون کی نوعیت اور حجم کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








