نئی دہلی: مائیکروسافٹ کے بانی اور معروف عالمی سماجی رہنما بل گیٹس جلد ہی بھارتی ٹی وی سیریل کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی 2 میں بطور خصوصی مہمان نظر آئیں گے۔
رپورٹس کے مطابق وہ اس مشہور ڈرامے کے تین خصوصی اقساط میں شریک ہوں گے جن میں وہ ماں اور نوزائیدہ بچوں کی صحت سے متعلق آگاہی پر بات کریں گے۔
بھارتی چینل اسٹار پلس کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ نے تصدیق کی ہے کہ بل گیٹس کی شرکت سے متعلق خبریں درست ہیں۔
وہ ڈرامے میں ویڈیو کال کے ذریعے مرکزی کردار تلسی ویرانی (جسے اداکارہ سمرتی ایرانی ادا کر رہی ہیں) سے بات چیت کرتے نظر آئیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بل گیٹس ڈرامے میں اپنا اصل کردار ادا کریں گے اور وہ اپنی فاؤنڈیشن بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے کیے گئے صحت عامہ کے منصوبوں پر روشنی ڈالیں گے۔
ان کی گفتگو میں ماں اور نوزائیدہ بچوں کی فلاح و بہبود، غذائیت اور حفاظتی اقدامات جیسے اہم موضوعات شامل ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق بل گیٹس کا کردار مکمل طور پر تفریح اور سماجی شعور کو یکجا کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
ویڈیو کال کے آغاز میں وہ جے شری کرشنا کہہ کر تلسی ویرانی کو سلام کرتے ہیں جو بھارتی ناظرین کے لیے ایک دلچسپ لمحہ ثابت ہوگا۔
یہ بل گیٹس کی بھارتی ٹیلی ویژن پر پہلی شرکت ہوگی، جبکہ اس سے قبل وہ امریکی سیٹ کام دی بگ بینگ تھیوری میں بطور مہمان کردار ادا کر چکے ہیں۔
بل گیٹس کے شامل کردہ اقساط 23 سے 25 اکتوبر 2025 کے دوران اسٹار پلس پر نشر اور جیو ہوٹ اسٹار پر آن لائن اسٹریم کی جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








