بیجنگ: چین کے پرائمری اسکول میں 45 سالہ خاتون نے چاقو سے بچوں اور اساتذہ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 2افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ چینی صوبے جیانگسی کے شہر گوئیسی کے اسکول میں خاتون نے پھل کاٹنے والے چاقو کی مدد سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا، پولیس نے قاتل خاتون کو گرفتار کر لیا اور جائے وقوعہ سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دو زخمی دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے جبکہ 4افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے جبکہ 6افراد کو معمولی چوٹیں لگیں۔
چینی پولیس نے گرفتار خاتون کا نام پان بتایا جبکہ واقعے میں ہلاک اور زخمی افراد کی شناخت نہیں بتائی گئی، نہ ہی ہلاک یا زخمی افراد میں شامل طلبہ کی تفصیل سے آگہی دی گئی۔ سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں کئی بچوں کے جسموں پر خون کے دھبے لگے دیکھے جاسکتے ہیں۔ خاتون کے حملے کے نتیجے میں اسکول میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم اس حوالے سے چینی حکومت کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








