نوجوان خاتون سوشل میڈیا کیلئے ویڈیو بناتے ہوئے پھانسی کے پھندے میں لٹک کر ہلاک ہوگئی۔ واقعے نے خاتون کی 4سالہ بیٹی کو ماں سے محروم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں پیش آیا۔ 27سالہ خاتون موہنی سوشل میڈیا کیلئے ریل بنا رہی تھی جب حادثہ پیش آیا۔ بھارتی پولیس اور اہل خانہ کا ماننا ہے کہ خاتون پھانسی کے منظر کی عکس بندی کررہی تھی۔
خاتون نے گلے میں پھندا ڈالا اور ایک اسٹول پر کھڑی ہو کر ریکارڈنگ کرنے لگی تاہم اچانک خاتون کا توازن بگڑا اور اسٹول قدموں کے نیچے سے ہٹ گیا۔ پھندا گلے میں کس جانے کے باعث خاتون کا دم گھٹ گیا اور چند ہی لمحوں میں خاتون نے دم توڑ دیا۔
تشویشناک طور پر خاتون نے اس حادثے سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی تھیں، نہ ہی گھر والے خاتون کے قریب تھے کہ اسے بچا لیتے۔ حادثے کا انکشاف اس قت ہوا جب موہنی کی 4سالہ بیٹی نے ماں کو پھندے سے لٹکا ہوا دیکھ لیا۔
بچی کے شور مچانے پر ہمسائے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جس کے بعد واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے خاتون کو پھندے سے ہٹا کر لاش قبضے میں لے لی، جسے پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دیا گیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








