بھارت میں پراسرار موت کے ایک ہولناک معما نے بالآخر نیا رخ اختیار کر لیا۔
کیرالا کرائم برانچ نے 40 سالہ ستیش شنکر کو اپنی بیوی اتھولیا سیکھر کی مشکوک ہلاکت کے بعد گرفتار کرلیا۔ اتھولیا 27 جولائی کو شارجہ میں اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئی تھیں، وہی دن جو ان کی 30ویں سالگرہ اور نئی ملازمت کا پہلا دن تھا، لیکن خوشیوں کے بجائے ایک المیہ بن گیا۔ عدالت کی جانب سے عبوری ضمانت منسوخی کے بعد یہ گرفتاری ممکن ہوئی۔
اتھولیا کی موت نے کئی سوالات کھڑے کیے ہیں۔ وہ 19 جولائی کو فلیٹ میں مردہ ملی تھیں اور چند گھنٹے پہلے اپنی بہن کو ایک وائس نوٹ بھیجا تھا جس میں برسوں کے مبینہ گھریلو تشدد کی داستان سنائی گئی تھی۔ عدالت میں جمع دستاویزات کے مطابق موت سے ایک گھنٹہ قبل اتھولیا نے شوہر کو ویڈیو کال کی اور اسے پھندا دکھایا جو اس نے تیار کیا تھا۔ ستیش نے اپنی درخواست میں اعتراف کیا کہ اس نے یہ کالز نظر انداز کیں۔
خاندان نے پولیس میں باضابطہ شکایت درج کرائی اور کئی ویڈیوز بھی ثبوت کے طور پر پیش کیں۔ ان ویڈیوز میں ستیش کو شراب کے نشے میں بیوی پر زبانی اور جسمانی تشدد کرتے اور یہاں تک کہ قتل کی دھمکیاں دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہی شواہد کی بنیاد پر عدالت نے اس کی ضمانت منسوخ کر دی۔
رپورٹس کے مطابق اتھولیا کی موت سے ایک دن پہلے بھی دونوں کے درمیان گھریلو جھگڑا ہوا تھا۔ عدالت کے ریکارڈ میں درج ہے کہ وہ بار بار ویڈیو کال کر کے شوہر کو اپنی زندگی کے خطرے کا احساس دلانا چاہتی تھیں مگر ستیش نے کوئی توجہ نہ دی۔
بعد ازاں دوبارہ پوسٹ مارٹم میں یہ انکشاف ہوا کہ اتھولیا کے جسم پر 46 زخم ہیں، جن میں گردن، چہرے، ٹھوڑی اور ہنسلی کی ہڈی کے نشانات شامل ہیں۔ اگرچہ ابتدائی فرانزک رپورٹ میں موت کی وجہ پھندا بتائی گئی تھی، مگر نئے شواہد نے گھریلو تشدد کے شبہات کو مزید تقویت دی ہے۔
اب کرائم برانچ مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ گھریلو تشدد اور موت کے درمیان براہِ راست تعلق کو واضح کیا جا سکے۔ قانونی ماہرین کے مطابق ضمانت کی منسوخی تفتیش کو مزید گہرا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
اتھولیا کے اہل خانہ انصاف کے منتظر ہیں اور اس کیس نے نہ صرف بھارت میں بلکہ دنیا بھر میں مقیم ملیالی برادری میں گھریلو تشدد اور خواتین کے تحفظ پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








