مویشی لیں، روزگار کمائیں، پاکستان میں سعودی عرب کے منفرد معاشی خودانحصاری پروجیکٹ کے بارے میں جانئے

تازہ ترین

تازہ ترین

کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی سرگرمی، فوٹو اے پی پی

سعودی عرب کے کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے پاکستان میں کمزور گھرانوں کی معاشی خودمختاری کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے مویشی فراہمی کے منصوبے کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔

اس مرحلے میں لوئر چترال، اپر چترال، لوئر دیر اور اپر دیر کے 1,000 مستحق گھرانوں کو دو بکریاں، چار بیگ سائیلج اور لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تربیت پر مشتمل روزگار معاونت پیکیج فراہم کیا گیا تاکہ وہ پائیدار آمدنی کے ذرائع قائم کر سکیں۔

اس منصوبے کو کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبر پختونخوا، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور شراکت دار ادارے پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے نافذ کیا۔ اس پہلا مرحلہ چار اضلاع میں کمزور گھرانوں کی معاشی بحالی اور غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا، جس سے مجموعی طور پر 7,250 افراد مستفید ہوئے۔

منصوبے کے اگلے مراحل بھی اسی جذبے کے تحت تیار کیے جا رہے ہیں۔ دوسرے مرحلے میں سوات، صوابی، ہری پور اور مانسہرہ کے مالی طور پر کمزور گھرانوں کو 25 مرغیاں، مکمل پولٹری کٹ اور پولٹری مینجمنٹ و آمدنی کے حصول کی تربیت پر مشتمل پولٹری پیکیج فراہم کیا جائے گا۔

تیسرے مرحلے میں چارسدہ، مردان اور نوشہرہ کے گھرانوں کو گائیں، سائیلج اور دودھ و جانوروں کی دیکھ بھال سے متعلق عملی تربیت دی جائے گی تاکہ ان کی معاشی سرگرمیاں مزید مضبوط ہوں۔

یہ مرحلہ وار اقدامات نہ صرف خود انحصاری اور بہتر غذائیت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ دیرپا معاشی استحکام بھی فراہم کرتے ہیں۔ منصوبہ خاص طور پر خیبر پختونخوا کے دیہی اور آفات سے متاثرہ خاندانوں کے لیے غربت میں کمی، غذائی تحفظ میں بہتری اور آمدنی کے مواقع پیدا کرنے میں ایک موثر ذریعہ ثابت ہوگا۔

Related Posts