لاہور ہائی کورٹ نے ڈکی بھائی کو جوا ایپ کیس میں ضمانت دے دی

تازہ ترین

تازہ ترین

LHC grants bail to YouTuber Ducky Bhai in gambling app case
FILE PHOTO

لاہور ہائی کورٹ نے مشہور یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے 10لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کی اجازت دے دی ہے۔

یہ فیصلہ جسٹس شہرام سرور چوہدری نے مقدمے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد سنایاجن کے روبرو ڈکی بھائی کی ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے کہا کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے تک انہیں ضمانت پر رہا کیا جا رہا ہے۔

مقدمہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے درج کیا گیا تھاجس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ڈکی بھائی نے اپنے آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے ایک جوا سے متعلق موبائل ایپلی کیشن کی تشہیر کی۔

گرفتاری کے بعد ان کی قانونی ٹیم نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمے کے الزامات مزید تحقیق کے متقاضی ہیں اور اس بارے میں حقائق کو مکمل طور پر واضح کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈکی بھائی پاکستان کے معروف یوٹیوبرز میں شمار ہوتے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئی تھیں۔

عدالت کی جانب سے ضمانت کا فیصلہ ان کے لیے عارضی ریلیف کا باعث بنا ہے، جس کے تحت وہ آئندہ قانونی کارروائی کا سامنا آزاد حیثیت میں جاری رکھ سکیں گے۔ مقدمے کی تفتیش بدستور جاری ہے اور آئندہ سماعتوں میں پیش رفت سامنے آنے کی توقع ہے۔

Related Posts