کراچی میں آج بھی بارش، کون کون سے علاقوں میں برسات ہورہی ہے؟ویڈیو

تازہ ترین

تازہ ترین

Light to Moderate Showers Continue in Karachi’s Southern Areas
istock

کراچی کے مختلف جنوبی علاقوں ڈیفنس، کلفٹن، صدر اور کورنگی میں آج جمعرات 11 ستمبر کو بھی ہلکی بارش اور پھوار کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہر میں حد نگاہ متاثر ہو رہی ہے اور بادل نچلی سطح پر بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق موجودہ مون سون سسٹم کراچی سے آگے بڑھ کر بلوچستان کے ساحلی علاقوں کی طرف منتقل ہو گیا ہے جہاں یہ سسٹم بھاری بارش برسا رہا ہے۔

سسٹم کے اثرات کے تحت کراچی میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں تک ہلکی سے درمیانی بارش اور بعض مقامات پر مختصر وقت کے لیے تیز بارش کا امکان برقرار رہے گا جس کے بعد یہ سسٹم مکمل طور پر ختم ہونے کا امکان ہے۔

 

شہر میں اس وقت باریک بوندوں والی بارش جاری ہے جو بظاہر تیز محسوس ہوتی ہے لیکن حقیقت میں یہ محض پھوار ہے۔ مسلسل بارش اور فضا میں نمی کے باعث بادل زیادہ نچلی سطح پر دکھائی دے رہے ہیں جو عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ نیچے محسوس ہوتے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق یہ زیادہ تر سمندری بادل ہیں جو جولائی اور اگست کے موسم میں زیادہ فعال رہتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آج وقفے وقفے سے بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے تاہم شہر میں موسلادھار بارش کے امکانات اب نہ ہونے کے برابر ہیں۔

دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ میں سمندری ہوائیں بحال ہو چکی ہیں اور دوپہر سے شام کے دوران ان میں مزید تیزی کا امکان ہے۔

اگلے چند دنوں کے دوران کبھی یہ ہوائیں کمزور اور کبھی معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔ ماہرین نے بتایا کہ آج اور کل کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بادلوں کا آنا جانا متوقع ہے اور انہی بادلوں سے کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔

Related Posts