باجوڑ کے ضلع سلارزئی کی تحصیل جبراری گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ شدید بارشوں نے علاقے میں تباہی مچا دی۔ ریسکیو حکام کے مطابق بجلی گرنے کے واقعے میں سات مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور 18 افراد ملبے تلے دب گئے۔
شدید بارشوں کے باعث آنے والے اچانک سیلاب نے متعدد بستیوں کو لپیٹ میں لے لیا، گھروں کو نقصان پہنچایا اور درجنوں افراد لاپتہ ہو گئے۔ سیلابی پانی سے کئی محلوں میں پانی بھر گیا، متعدد خاندان بے گھر ہو گئے اور متاثرہ علاقوں تک رسائی منقطع ہو گئی۔
ریسکیو ٹیمیں تباہ شدہ سڑکوں اور رابطے کے نظام کی بندش کے باعث متاثرہ مقامات تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع نہ کی گئیں تو ہلاکتوں اور تباہی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت، عوام اور فلاحی اداروں سے فوری مدد کی اپیل کی ہے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
اس سے قبل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے لیے جھیل کے پھٹنے کا الرٹ جاری کیا تھا کیونکہ آئندہ ہفتے کے لیے شدید اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے اپر چترال، لوئر چترال، لوئر دیر، سوات اور اپر کوہستان کے رہائشیوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت دی ہے اور خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ حساس مقامات کی نگرانی کریں، بروقت وارننگ جاری کریں اور انخلاء کی مشقیں مکمل کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








