کراچی: ناردرن بائی پاس پر واقع عوام دوست منڈی کا آج نواں روز ہے۔ بلوچستان کے شہر حب، پنجاب کے ضلع رحیم یار خان، سندھ کے شہر جیکب آباد اور کراچی سے قربانی کے جانور منڈی پہنچ گئے۔ ملک کے دیگر شہروں سے بھی جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
عوام دوست منڈی کے ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کا کہنا ہے کہ منڈی میں قربانی کے جانوروں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ مویشی منڈی کے ہر بلاک میں جانوروں کو پانی کی سپلائی مسلسل جاری ہے۔
منڈی ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی نے کہا کہ مویشی منڈی میں 24 گھنٹے جانوروں کو پانی کی سپلائی کے لیے ورکرز الرٹ ہیں۔ منڈی میں پانی ذخیرہ کرنے کیلئے 10 ہزار گیلن کے تین باؤزرز نصب ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ مختلف بلاکس میں جانوروں کو مسلسل پانی فراہمی کے لئے ایک ہزار گیلن کے ٹینکرز موجود ہیں۔ ہمارے ٹینکرز ہر بلاک میں بھی موجود ہیں۔ چھوٹے جانور کو 8 اور بڑے جانور 30 لیٹر پانی روانہ مفت فراہم کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ ہر سال عید الاضحیٰ کی آمد سے کچھ ہی عرصہ قبل قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت شروع ہوجاتی ہے۔ طارق تنولی نے کہا کہ بیوپاری کے کارڈ پر درج جانوروں کی تعداد کے حساب سے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے۔ ہمارے پاس پانی کی کوئی قلت نہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








