کراچی میں بجلی کا نظام درہم برہم، شہری بارش کے دوران لوڈ شیڈنگ سے پریشان

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی میں رواں ہفتے مسلسل بارش کے باعث بجلی کا نظام تباہ حالی کا شکار ہے، شہری بارش کے دوران طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ کے ہاتھوں مسلسل ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار اور پریشان ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی (کے الیکٹرک) کے 88 فیڈرز اور 40 پی ایم ٹیز بارش کے باعث ٹرپ کرجانے کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں طویل ترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

شہرِ قائد کا 25 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہے، تار ٹوٹنے اور سب اسٹیشنز بند ہونے کے باعث بھی عوام کو  بجلی کی فراہمی میں  تعطل کا سامنا ہے۔ کیبل فالٹس اور تکنیکی خرابی کے نام پر لوڈ شیڈنگ نے عوام کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔ 

بدترین لوڈ شیڈنگ کا شکار کراچی کے مختلف علاقوں میں گلستانِ جوہر، نارتھ کراچی، گلبرگ ٹاؤن، ایف بی ایریا، ناظم آباد، ملیر، کیماڑی، شاہ فیصل کالونی اور نیو کراچی شامل ہیں۔ پی ای سی ایچ ایس، لانڈھی، کورنگی، ڈیفنس اور کیماڑی کے علاقوں میں بھی عوام لوڈ شیڈنگ کے باعث پریشان ہیں۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں کے الیکٹرک کی طرف سے سپریم کورٹ احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری رہی ، شہرِ قائد میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 10 گھنٹے کردیا گیا۔

 کے الیکٹرک نے سپریم کورٹ احکامات نظر انداز کرتے ہوئے کراچی کے مختلف علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ شروع کی  جن میں لانڈھی، کورنگی اور شاہ فیصل کالونی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: عدالتی احکامات کی خلاف ورزی، کراچی میں  10 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری

Related Posts