صوبہ سندھ میں لاک ڈاؤن جاری ہے جبکہ حکومتِ سندھ کے احکامات کے تحت شہرِ قائد میں لاک ڈاؤن مزید سخت کرتے ہوئے تمام سرگرمیاں معطل رکھی جائیں گی۔
کراچی میں سخت لاک ڈاون کے دوران دن 12 بجے سے 3 بجے تک تمام تر کاروباری سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔ دکانیں، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی نقل و حمل اور ذرائع آمدورفت پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ دن 12 سے 3 بجے تک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد رہے گی۔
نمازِجمعہ کی ادائیگی کے لیے شہریوں کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ مسجد کے پیش امام ، انتظامیہ اور مؤذن سمیت 3 سے 5 افراد نمازِ جمعہ باجماعت ادا کرسکیں گے۔
سندھ حکومت کے احکامات کے مطابق 3 گھنٹوں کے دوران لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈاکٹرز، طبی عملہ، میڈیا اور رضا کاروں کو پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے لاک ڈاؤن کے دوران شہر کے تمام علاقوں میں گشت کریں گے۔ شہر میں پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھاری تعداد میں تعینات ہیں۔