راولپنڈی : نوسربازوں نے راولپنڈی کی تحصیل گوجرخان میں سی پیک پروجیکٹ میں نوکریوں کا جھانسہ دیکرریٹائرڈ فوجیوں کو لوٹنا شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق گوجرخان میں ایک ایسے گینگ کا انکشاف ہوا ہے جو نیوی ،آرمی اورایف سی کے ریٹائرڈ صوبیداروں ،لانس نائیک اور سپاہیوں کو سی پیک پاکستان پروجیکٹ میں چیف سکیورٹی آفیسر۔ سپروائزر اور گارڈز کی نوکری کا جھانسہ دیکھ کر ابتدائی طور پر سات سے دس ہزار روپے ہتھیا لیتا ہے ۔
اس گروہ نے مختلف اخبارات میں بھرتی کے لیے اشتہارات دے رکھے ہیں جس کی وجہ سے روزانہ لاکھوں روپے نوسر بازی کے ذریعے لٹ رہے ہیں ، ملزمان لوگوں سے ایڈوانس رقم لے کر ان کو لیٹر کا انتظار کرنے کو کو کہتے ہیں ۔
یہ گینگ اپنے مختلف نام بدل کر لوگوں کو لوٹ رہا ہے، یہ نوسرباز خود کو کبھی کرنل ریٹائرڈ فاروق۔ مختار ۔حسین قربان۔ کہتے ہیں اس گینگ کا کوئی آفس موجود نہیں بلکہ ملزمان کال کرنے والے لوگوں کوگوجرخان کے مختلف ہوٹلوں میں بلا کر بعد میں ان کو مختلف گھروں میں لے جاکر پیسے وصول کرلیتے ہیں۔
ملزمان خود کو سرکاری ٹھیکے دار ظاہر کرکے لوٹ مار کا بازار گرم کر رہے ہیں جس کا کسی سرکاری ادارے سے کوئی دور دور تک کا تعلق واسطہ نہیں ہے،متاثرین کا کہنا ہے کہ سی پی او راولپنڈی فوری طور پر اس فراڈ گینگ کے خلاف کارروائی کریں اور ہماری لوٹی ہوئی رقم واپس دلوائیں ۔