چین کے صوبے ژی جیانگ کے شہر یوہانگ میں ایک نوجوان اپنے بریک اپ کے بعد دل شکستہ ہو کر پہاڑوں کی جانب نکل گیا جہاں وہ چھ دن تک تنہا جنگل میں زندگی اور جذبات کے درمیان لڑتا رہا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق واقعہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب یوہانگ پولیس کو ایک شہری کی جانب سے کال موصول ہوئی، جس نے اطلاع دی کہ اس کا چھوٹا بھائی، Xiaolin، تین دن سے لاپتا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے Xiaolin کے فلیٹ پر چھاپہ مارا، مگر وہاں فلیٹ خالی تھا اور اس کا فون بھی گھر میں ہی موجود تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سے معلوم ہوا کہ وہ پیدل چلتا ہوا دِلانگ کے پہاڑی علاقے کی طرف روانہ ہوا تھا۔ پولیس نے 100 سے زائد اہلکاروں، ڈرونز، سراغ رساں کتوں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس کی تلاش شروع کی، مگر کئی دن تک کوئی کامیابی نہ ملی۔
بالآخر 26 جون کو Xiaolin کو ایک کیمرے میں پھٹے پرانے کپڑوں میں، جنگل میں آوارہ گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔ فوری طور پر ریسکیو ٹیم کو متحرک کیا گیا اور اسے بحفاظت نکالا گیا۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں Xiaolin نے بتایا کہ وہ اپنی گرل فرینڈ سے حالیہ بریک اپ کے بعد شدید ذہنی دباؤ میں تھا۔ “میں خود کو سنبھالنے اور اس تکلیف سے نکلنے کے لیے فطرت کا سہارا لینا چاہتا تھا۔ اس لیے پہاڑوں کا رخ کیا تاکہ سکون مل سکے،” اس کا کہنا تھا۔
اس نے مزید بتایا کہ ابتدائی تین دن وہ بھوکا رہا، کچھ نہیں کھایا۔ بعدازاں وہ جنگل کے پھل کھا کر اور ندی کا پانی پی کر زندہ رہا۔
Xiaolin کی یہ سنسنی خیز اور جذباتی کہانی سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ہے۔ ہزاروں صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے اس کے جذبے، درد اور تنہائی کو سراہا، جبکہ کئی نے اسے ذہنی صحت کی اہمیت سے جوڑا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








