ملتان: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام” خدمات مدارس دینیہ کنونشن” بسلسلہ تقسیم انعامات پوزیشن ہولڈ طلباء و طالبات جامعہ خیرالمدارس اورنگزیب روڈ ملتان میں زیر صدارت شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان منعقد ہوا، کنونشن میں صوبہ پنجاب کے ڈویژن ملتان، ڈویژن بہاولپور، ڈویژن ڈیرہ غازی خان، ڈویژن ساہیوال اور ضلع بھکر و میانوالی کے وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے ملحق ہزاروں دینی مدارس و جامعات کے مہتممین و منتظمین نے شرکت کی۔
کنونشن سے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدرمولانا مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا فضل الرحمن،ناظم اعلیٰ وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی و صوبائی قائدین،مولانا مفتی محمد طیب فیصل آباد،مولانا قاضی عبدالرشید راولپنڈی،مولانا زبیر احمد صدیقیؔ شجاع آباد،مولانا صلاح الدین ایوبی بلوچستان،مولانا ارشاد احمد کبیر والا مولانا ظفر احمد قاسم ٹھینگی وہاڑی،ممتاز علماء کرام و مشائخ،مولانا مفتی طاہر مسعود سرگودھا حضرت مولانا منیر احمد منور کہروڑ پکا مولانا محمد میاں لودہراں مولانا اسعد محمود ملتان مولانا مفتی محمد مظہر شاہ اسعدی بہاول پور،مولانا معین الدین وٹو بہاولنگرمولانا مفتی محمد طیب معاویہ شجاع آباد مولانا احمد حنیف جالندھری ملتان، مولانا کلیم اللہ رشیدی ساہیوال،مولانا عبدالمعبود آزاد مظفر گڑھ و دیگر نے خطاب کیا۔
کنونشن کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ دینی مدارس پاکستان کی نظریاتی اور جغرفیائی سرحدوں کے محافظ نیز پرائیویٹ سیکٹر میں مفت دینی اور عصری تعلیم کی عظیم تحریک ہیں۔ دینی مدارس اپنی مدد آپ کے تحت لاکھوں طلباء و طالبات کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ مفت کھانا، رہائش، علاج معالجہ کی سہولت بھی فراہم کر رہے ہیں۔ دینی مدارس لاکھوں خواتین اور بچیوں کو بھی مفت تعلیم دے کر ملک کی شرح خواندگی میں اضافہ کر رہے ہیں۔ یہ مدارس ملک کی خدمت اور حفاظت اپنا فرض منصبی سمجھتے ہیں نیز پاکستان کی ہمہ قسم تعلیمی و رفاہی دینی خدمات جاری رکھنے اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لیے ہمیشہ کی طرح چاق و چوبند رہنے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








