پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے شوبز کی دنیا میں 10 سال مکمل ہونے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ ماہرہ خان نے جون 2011 کو شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور 10 کامیاب سالوں کے اختتام پر مداحوں سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے اداکاری کے میدان میں عروج و زوال کے متعلق گفتگو کی ہے۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے مداحوں کی محبت اور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری فلم بول اور ڈرامہ سیریل نیت کو 24 جون 2011ء کے روز ریلیز کیا گیا تھا۔
پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں جس جادوئی سفر پر رواں دواں ہوں ، اس کیلئے آپ سب کا سرجھکا کر شکریہ ادا کرتی ہوں۔ شوبز کے کیرئیر میں اتار چڑھاؤاور عروج و زوال دیکھے، کچھ لمحات میں خود کو ٹوٹا ہوا اور تنہا بھی محسوس کیا۔
اداکارہ ماہرہ خان نے کہا کہ کچھ لمحات ایسے بھی آئے جب میں بے حد خوش ہوئی لیکن خوشی اور غم دونوں میں میرے مداحوں نے میرا بھرپور ساتھ دیا اور چٹان بن کر میری حمایت کیلئے ڈٹے رہے، اس محبت پر میں بے حد شکرگزار ہوں۔
ماہرہ خان نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے والے مداحوں سے تشکر کا اظہار جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی محبت کا حق ادا کرنے کیلئے مزید سخت محنت کروں گی، آپ کی محبت رائیگاں نہیں جانے دوں گی۔
قبل ازیں ماہرہ خان نے سن 2006ء میں ایک وی جے کی حیثیت سے شوبز کا سفر شروع کیا اور 2011ء میں فلم بول میں اہم کردار نبھایا۔ ڈرامہ سیریل نیت بھی اسی برس ریلیز ہوا لیکن ماہرہ کو شہرت ڈرامہ سیریل ہمسفر سے ملی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: معروف اداکارہ بیگم خورشید شاہد 95 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








