سینئر سیاستدان محمود مولوی نے کہا ہے کہ ایک سابق وزیرِاعظم اور سینئر سیاستدان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا حالیہ بیان افسوسناک اور پوری قوم اور خصوصاً ہماری مسلح افواج کے جذبات کو مجروح کرنے کا باعث ہے۔
اپنے بیان میں محمود مولوی نے کہا کہ علیمہ خان نے پاک بھارت حالیہ جنگ کو جھوٹا اور “لندن پلان ٹو” قرار دے کر نہ صرف شہداء کے خون کی توہین کی ہے بلکہ قوم کے اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی کوشش بھی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ امر باعثِ افسوس ہے کہ جب پوری قوم اپنی تینوں مسلح افواج بری فوج، بحریہ اور فضائیہ کے جانبازوں کی جرات و بہادری پر فخر کر رہی ہے، ایسے میں اس نوعیت کا بیان آنا ملک دشمن بیانیے کی عکاسی کرتا ہے۔
اس جنگ میں قوم کے کئی بچے شہید ہوئے ہیں، اس کے باوجود اس جنگ کو فیک قرار دینا انتہائی افسوس ناک بات ہے۔
محمود مولوی نے مطالبہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے موجودہ چیئرمین فوری طور پر وضاحت کریں کہ ان کے نزدیک آیا یہ جنگ واقعی جھوٹ اور کسی لندن پلان کا حصہ تھی، یا یہ ایک سچائی ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








