کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی ہدایت پر سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا، وزارت تعلیم کا قلمدان سعید غنی سے لیکر شرجیل میمن کو دینے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شرجیل انعام میمن کو ایک بار پھر سندھ کابینہ میں شامل کیاجارہاہے اور انہیں محکمہ تعلیم کا قلمدان سونپاجائے گا۔ذرائع نے بتایاکہ سندھ کابینہ میں جلد تبدیلیوں کا امکان ہے جس میں کچھ نئے وزراء شامل کیے جاسکتے ہیں اور کچھ سے قلمدان واپس لیے جاسکتے ہیں۔
ٹیسٹ پاس ہیڈماسٹروں کے احتجاج اور ان کا معاملہ طول پکڑنے کے باعث پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت نے سعید غنی سے محکمہ تعلیم کا قلمدان واپس لینے کافیصلہ کیاہے۔
اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے وزرا کو اپنے کاموں اور ذاتی تشہیر کی بجائے اپنی توجہ حلقوں اور محکموں پر مرکوز کرنے کی ہدایت کی تھی۔
بلاول بھٹو نے بلدیات اور صحت کے محکموں کو بھی ہدف تنقید بنایا اور کچھ وزرا کو نام سے مخاطب کر کے کارکردگی بہتر بنانے کی تاکید کی تھی۔ بلاول بھٹو نے کہا تھاکہ سندھ حکومت کی کارکردگی کو عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر سندھ حکومت مزید اسکیمیں لائے۔