پتوکی کے علاقے حبیب آباد میں پولیس نے ایک شہری کو پنجابی گانے اونچی آواز میں بجانے پر گرفتار کر لیا۔ شہری کے خلاف ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فارو ق نامی ایک مقامی دکاندار اپنے ڈھابے پر مسلسل اونچی آواز میں نور جہاں کے گانے چلا رہا تھا، جس سے آس پاس کے دکانداروں اور رہائشیوں کو شدید تکلیف کا سامنا تھا۔
متعدد بار وارننگ دینے کے باوجود اس نے آواز کم نہیں کی، جس پر عوامی شکایات کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ فارو ق کو عوامی شور شرابے اور قانون کی خلاف ورزی پر موقع سے گرفتار کر لیا گیا اور اس کے خلاف لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
علاقے کے دکانداروں اور رہائشیوں نے پولیس کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اونچی آواز میں گانے بجانے سے ماحول میں مسلسل شور رہتا تھا اور کاروباری اوقات میں بھی لوگوں کو شدید پریشانی ہوتی تھی۔
پولیس نے یقین دلایا ہے کہ عوامی سکون میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف اسی طرح کی سخت کارروائی آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








