مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں سفاک شوہر نے سسرال میں جاکر روٹھی بیوی پر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے گھلواں میں شاہد نامی شخص نے سسرال میں جاکر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ملزم کی بیوی سعدیہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ سعدیہ شوہر سے روٹھ کر اپنے میکے آئی ہوئی تھی، اور اس نے شاہد کے مکان بیچنے کے خلاف عدالت سے اسٹے بھی لے رکھا تھا، جس کا ملزم کو رنج تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی علی پور پولیس کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے ملزم شاہد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم شاہد کے علاوہ 2 نامعلوم افراد سمیت 3 افراد کیخلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، جب کہ خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال علی پور منتقل کردیا گیا ہے۔