پنجاب کے شہر سرگودھا میں باپ نے مبینہ طور پر کلہاڑی کے وار کرتے ہوئے ماں اور 5بچوں کو دردناک انداز میں قتل کردیا، جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور 5 بچے شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سرگودھا کے نواحی علاقے بھاگٹانوالہ میں پیش آیا۔ متعدد افراد کے بیک وقت قتل کی لرزہ خیز واردات میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت یاسین ملاح کے نام سے ہوئی ہے جس نے مبینہ طور پر کلہاڑی سے وار کرکے قتل کیے۔
پنجاب پولیس کے مطابق ملزم نے کلہاڑی کے وار کرکے اپنی بیوی اور 5 بچوں کو قتل کیا جن میں 4بیٹے اور ایک بیٹی بھی شامل ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے کلہاڑی کے وار کرکے تمام افراد کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی زخمی کرلیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ گھریلو جھگڑے اور ذہنی دباؤ دونوں کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔
دردناک واقعے کے نتیجے میں علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔ تاحال قتل کی اصل وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم یاسین ملاح نے ہی خاتون اور بچوں کو قتل کیا، تاہم ملزم کے بیان سمیت مقدمے کے دیگر پہلوؤں پر بھی تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








