ملک کے گنجان آباد ترین صوبہ پنجاب کے شہر چنیوٹ میں زمیندار نے کھیتوں میں گھسنے والی گدھی کو پیٹ پھاڑ کر ہلاک کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جانوروں سے بد ترین ظلم کا یہ واقعہ چنیوٹ کے تھانہ لنگرانہ کی حدود میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ثاقب نامی سفاک زمیندار نے کھیتوں میں گھسنے والی گدھی پر تیز دھار آلے کا استعمال کیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زمیندار نے گدھی کو تیز دھار آلے سے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کے دوران گدھی کا پیٹ پھٹ گیا اور وہ ہلاک ہوگئی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرآباد میں فصل کھانے والی گدھی کے کان کاٹ دئیے گئے تھے۔
آج سے 5روز قبل سنگدل ملزم نے ملک کے 11ویں بڑے شہر سرگودھا میں چارہ کھانے پر بھینس کی زبان کاٹ دی تھی۔مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ سرگودھا کے تھانہ شاہ پور کی حدود میں پیش آیا۔
ملزم نے بے زبان بھینس پر درانتی کے وار کیے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم رکشے پر جانوروں کیلئے چارہ لے کر جا رہا تھا کہ بھینس نے چارے پر منہ مارا جس پر ملزم نے طیش میں آ کر بے زبان جانور پر درانتی سے وار کیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








