حاصل پور: بہاول پور کی تحصیل حاصل پور میں بیج کا کاروبار کرنے والے شخص نے قرضوں سے پریشان ہوکرمبینہ طور پر اپنی بیوی اور دو بچوں کو قتل کر کے خود کشی کر لی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ خود کشی کرنے والا ندیم بیجوں کا کاروبار کرتا تھا، ندیم کو کاروبار میں نقصان ہوا اور وہ قرضوں کی واپسی کے بار بار تقاضوں کی وجہ سے پریشان تھا۔
40 سالہ محمد ندیم کی لاش پنکھے سے لٹکی ملی جبکہ اس کی 35 سالہ بیوی صائمہ اور دو کمسن بچوں کی لاشیں بھی اسی کمرے سے ملیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے ایسا لگتا ہے کہ گھر کے مالک نے بیوی اور دو بچوں کو قتل کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور فارنزک ٹیم کو بلوا لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اس طرح کے واقعات کاسلسلہ بڑھتا جارہا ہے،جنوری میں ملتان میں ماہر نفسیات ڈاکٹر باپ نے اپنی اکلوتی بیٹی کو گولی مار کرقتل کردیا تھا اور بعد ازاں خود کو فائر مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیاتھا۔