کراچی میں ایک شخص نے خود سوزی کا خواب بار بار دیکھنے کے بعد خود پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا لی، جھلس کر شدید زخمی ہوا اور ہسپتال میں دورانِ علاج جاں بحق ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص اورنگی تھانے کی حدود میں قصبہ موڑ شہزاد سینما کے قریب گھر میں رہائش پذیر تھا۔ 60سالہ شخص کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا تھا۔
ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن یوسف مہر کا کہنا ہے کہ متوفی راولپنڈی سے تعلق رکھتا تھا اور 10 روز قبل ہی اپنی سالی کے گھر ملاقات کیلئے آیا تھا۔ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ 60 سالہ شخص کا نام اللہ رکھا ہے جو 3 روز سے خود پر تیل چھڑک کر آگ لگانے کا خواب دیکھ رہا تھا۔
خاتون نے پولیس کو بتاتے ہوئے کہا کہ خود سوزی کے خواب کے باعث اللہ رکھا انتہائی پریشان تھا، لیکن ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اس نے اپنے جسم پر مٹی کا تیل چھڑکا اور خود کو آگ لگالی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی شخص کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے، ابتدایئ تفتیش کے مطابق یہ واقعہ خودکشی کا نتیجہ ہے تاہم واقعے کی دیگر پہلوؤں سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








