شکاگو کے سولجر فیلڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پری سیزن دوستانہ مقابلے میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بورنموتھ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی۔
یہ میچ 2025 کے پریمئر لیگ سمر سیریز کا حصہ تھا جس میں انگلینڈ کی مختلف ٹیمیں امریکی میدانوں پر ایک دوسرے کے خلاف دوستانہ مقابلے کھیل رہی ہیں۔
یونائیٹڈ کی جانب سے پہلا گول آٹھویں منٹ میں رسمس ہوجلند نے سر کے ذریعے کیا جس کے بعد کھیل کا مکمل کنٹرول ان کے ہاتھ میں آ گیا۔
میچ کے پچیسویں منٹ میں نوجوان کھلاڑی پیٹرک ڈورگو نے میسن ماؤنٹ کی فری کک پر گیند جال میں ڈال کر برتری کو دگنا کر دیا۔
بارش کے دوران کھیل کے باوجود یونائیٹڈ کی رفتار میں کوئی کمی نہ آئی اور تیسرے گول کے لیے اَماد ڈیالو نے پچپن ویں منٹ میں عمدہ فِنش کے ساتھ گیند کو گول لائن کے پار پہنچایا۔ چوتھا گول ایتھن ولیمز نے بہتر فٹ ورک کے ذریعے بہتر دفاع کو چکمہ دیتے ہوئے کیا۔
اگرچہ مقابلہ یکطرفہ رہا تاہم میچ کے آخری لمحات میں یونائیٹڈ کے کھلاڑی ڈی لیگٹ نے غلطی سے خود ہی کے گول میں گیند ڈال دی جس سے بورنموتھ کو واحد گول نصیب ہوا۔
یہ گول کھیل کے مجموعی نتیجے پر کوئی اثر نہ ڈال سکا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کی فتح میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی نمایاں رہی جبکہ ٹیم کا نظم و ضبط، رفتار اور ہم آہنگی آنے والے سیزن کے لیے مثبت اشارہ ہے۔
یہ میچ نہ صرف یونائیٹڈ کے لیے اعتماد میں اضافے کا باعث بنا بلکہ کوچنگ اسٹاف کے لیے بھی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ ثابت ہوا۔
بورنموتھ کی ٹیم نے کچھ لمحوں میں بہتر کھیل پیش کیامگر مجموعی طور پر وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے دباؤ میں بے بس دکھائی دی۔ سمر سیریز میں یونائیٹڈ کی یہ دوسری فتح ہے، اور ٹیم اس فارم کو اگلے مقابلوں میں بھی برقرار رکھنے کی خواہاں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








