گوجرانوالہ میں شادی کی تقریب کی ویڈیو وائرل، دولہا کے دوستوں نے نوٹوں کی بارش کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

نوٹوں کی برسات
(فوٹو: آن لائن)

پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں شادی کی تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، دولہا کے دوستوں نے نوٹوں کی بارش کردی۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں شادی کی تقریب میں دولہا کے دوستوں نے بھاری مقدار میں کرنسی نچھاور کردی۔ ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دولہا کےدوست اٹلی سے آئے تھے اور تقریب میں ملکی و غیر ملکی کرنسی کی بارش ہوئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عوام کی بڑی تعداد شادی میں شریک ہے جبکہ اس موقعے پر نوٹوں کی بارش ہورہی ہے۔ دولہا کی بارات گوجرانوالہ کے علاقے چھچھر والی سے جی ٹی روڈ پر واقع شادی ہال پہنچی تھی جب نوٹ نچھاور کیے گئے۔

پیسے کی نمائش کا ایک اور واقعہ

یاد رہے کہ اس سے قبل پاک بھارت سرحد سے قریب پنجاب کے ضلع نارروال میں دلہا کے رشتہ داروں نے باراتیوں پر نوٹوں، موبائل فون اور لاکھوں کے تحائف کی بارش کی تھی۔

گزشتہ برس اپریل کے دوران یہ واقعہ نارووال کے علاقے صدیق پورہ میں پیش آیا جہاں بارات میں دلہا کے بھائیوں اور دوستوں نے موبائل فون، نوٹ، سوٹ اور لاکھوں روپے کے دیگر تحائف باراتیوں پر برسا دئیے۔

رپورٹ کے مطابق بارات جب نارووال کے محلہ عباس نگر سے بینڈ باجوں کے ساتھ صدیق پورہ کے علاقے پہنچے تو دولہا کے بھائی اور دوست دلہن کے مکان کی چھت پر چڑھ گئے اور موبائل فونز، سوٹ اور نوٹ برسائے۔

دولہا کے بھائیوں اور دوستوں نے باراتیوں پر لاکھوں روپے کے نوٹ، موبائل فونز، سوٹ اور دیگر تحائف کی بارش کی۔ اس موقعے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف شادی میں شریک مہمانوں نے بلکہ دیگر شہریوں نے بھی تحائف لوٹنے میں پھرتی دکھائی۔

Related Posts