وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں علمائے کرام میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم علمائے کرام اور ائمہ کو ماہانہ 25 ہزار روپے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہم نے رقوم کی آسان اور شفاف ادائیگی کا نظام تشکیل دے دیا ہے۔ علمائے کرام کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ائمہ کرام اور حکمرانون کا باہمی تعلق مضبوط ہونا چاہئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم علمائے کرام، ائمہ کرام اور امام مسجد کو ماہانہ 25ہزار روپے دیں گے۔ یہ 25 ہزار روپے آپ کیلئے ایک چھوٹا سا نذرانہ اور تحفہ ہے۔ فروری کے آخر میں امام مسجد کا بینک اکاؤنٹ فعال ہوجائے گا۔ علمائے کرام اور حکومت کے روابط میں خلل سے معاشرے میں خرابی پیدا ہوتی ہے۔
خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں اتحاد اور امن کو فروغ ملے۔ ملک بھر میں مذہبی منافرت اور تقسیم کو روکنا علمائے کرام کی ذمہ داری ہے۔ کئی لوگوں نے مذہب کے نام پر فتنے کو فروغ دیا۔ انہوں نے ہمارے پرامن معاشرے کو تار تار کیا۔ ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کو نذرِ آتش کردیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فتنہ کسی بھی صورت میں ہو، ہم اسے پھیلانے نہیں دیں گے۔ فتنے کی سرکوبی صرف حکومت کا کام نہیں، علمائے کرام کی معاونت ضروری ہے۔ ریاست اپنے شہدا کے خون کا حساب ضرور لے گی۔ پنجاب کی سرزمین ہر فتنے، ظالم اور مافیا کیلئے تنگ کردی گئی ہے۔ مذہبی منافرت روکنے کیلئے مجھے سخت اقدامات اٹھانے پڑتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








