لاہور: پنجاب اسمبلی میں آج شو ڈاؤن کی تیاریاں، مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لینے کیلئے پرامید، پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگیا۔
ملک میں ہونیوالے حالیہ انتخابات میں پنجاب میں شاندار کامیابی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب کی امید وار ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے انتخاب کے بعد نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کی تقریب پیر کو دوپہر 2 بجے گورنر ہاؤس میں ہوگی۔
اس حوالے سے دعوت نامے اراکین صوبائی اسمبلی میں تقسیم کر دیے گئے ہیں۔ ایم پی ایز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ مہمانوں کو نہ لائیں ۔
قبل ازیں پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے مریم نواز شریف اور رانا آفتاب خان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کے رانا آفتاب احمد خان صوبائی پولیس کی جانب سے اپنے سابقہ امیدوار میاں اسلم اقبال کو گرفتار کرنے کی کوشش کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کے نئے امیدوار ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے پہلے میاں اسلم اقبال کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا لیکن ان کی گرفتاری کے لیے پنجاب اسمبلی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
حماد اظہر نے صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت نے رانا آفتاب کو نامزد کرنے کا فیصلہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








