مولانا فضل الرحمن نے بھی پی ٹی آئی پر پابندی کی مخالفت کر دی

تازہ ترین

تازہ ترین

Fazlur Rahman again criticized the military institutions
فوٹو ڈان

جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کا واحد حل شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہیں۔

جے یو آئی کے سربراہ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ موجودہ سیاسی بحران کو حل کرنے کے لئے فوج کو سیاست سے الگ ہونا پڑے گا، جب تک فوج خود کو سیاست سے الگ نہیں کرتی اس وقت  تک ملک بحران سے نہیں نکل پائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی قوتوں کے خلاف طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے سیاسی انتشار مزید بڑھے گا، تمام ادارے آئین کے مطابق طے شدہ دائرہ کار میں سمٹ جائیں تو ملک سنبھل سکتا ہے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ بہتر ہے کہ طاقتور حلقے جتنا جلد اس حقیقت کو سمجھ جائیں، ملک اور خود ان کے لئے اتنا بہتر ہو گا، بصورت دیگر بگاڑ بڑھے گا، مقتدرہ تسلیم کر لے کہ موجودہ ہائبرڈ نظام ناکام ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سارے مسائل کا حل ملک میں از سر نو شفاف انتخابات کرانے میں مضمر ہے۔

دوسری جانب جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی کی باتیں مناسب نہیں ہیں، حکومتی ڈراما اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے ہے، پابندی سیاسی مسائل کا حل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے فیصلے سیاسی ومعاشی بحرانوں میں اضافے کا باعث ہونگے، ایسے فیصلے سیاسی نہیں آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں، اصل عوامی مسائل پر وزراء توجہ نہیں دے رہے ۔

جے یو آئی ترجمان نے کہا کہ مہنگائی اور ٹیکسز کی بھر مار نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، سیاسی مسائل طاقت سے نہیں سیاسی میدان میں حل ہوتے ہیں۔

Related Posts