بنوں: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت کےدن گنے جا چکے ہیں، ہم اسلام آباد ایسے نہیں گئے تھے اور نہ ہی وہاں سے ایسے واپس آئے ہیں، ووٹ چوری کر کے حکومت کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
بنوں میں تقریب سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کے پاس کوئی نظریہ یا منصوبہ نہیں، پاکستان میں باوقار سیاست چاہتے ہیں، ان کے پاس مخالفین کوگالیاں دینے کے علاوہ کچھ نہیں، ہمیں پتا ہے تم بازاری ہو اور یہی زبان تمہارے شیان شان ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آپ کے دن گنے جاچکے، ہم اسلام آباد ویسے نہیں گئے اور ویسے نہیں آئے، آپ کی جڑیں کٹ گئیں اور چولیں ہل گئیں، اب دن گنتے جاؤ، ہم اسلام آباد ویسے نہیں گئےا ور ایسے واپس نہیں آئے، ووٹ چوری کرکےحکومت کرنےکی اجازت نہیں دے سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پر الزامات لگائے گئے اور قتل و غارت گری اور دہشت گردی سے جوڑا گیا، ہم کسی کے پیچھے چھپنے والے لوگ نہیں، آوَ میرے اور اپنے کردار کا مقابلہ کرو، میرے والد اور اپنے والد کے کردار کا مقابلہ کرو۔ میرے دادا اور اپنے دادا کے کردار کا مقابلہ کرو، ان باتوں سےحکومتیں نہیں چلتیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ سب پر الزام لگایا گیاکہ پاکستان سے باہر پیسہ گیا، منی لانڈرنگ ہوئی لیکن اب ایف بی آر کے چیئرمین نے بیان دیا کہ کوئی پیسہ پاکستان سے باہر نہیں گیا، تو پھر کیوں ڈرامے کئے گئے؟۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی بہن کو ایمنسٹی اسکیم کے تحت این آر او دیا، چلو بھر پانی میں ڈوب مرو، سب کو چور کہنے والا آج کیا منہ دکھائے گا، ان کی سلائی مشین کی کمائی 70 ارب ڈالر روپے ہے، ایسی کوئی مشین ہمیں بھی دلادو،عمران خان سے پی ٹی آئی کےاندر کے لوگ حساب مانگتے ہیں۔