کراچی: موسلادھار بارش، شہر میں رین ایمرجنسی، عملے کی چھٹیاں منسوخ

تازہ ترین

تازہ ترین

Mayor declares rain emergency, cancels KMC staff leaves
(فوٹو؛ فائل)

کراچی: شہر قائد میں 19 اگست سے 22 اگست تک موسلا دھار بارشوں اور شہری سیلاب کے خدشات کے باعث میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے تمام عملے کی چھٹیاں اگلے حکم تک منسوخ کر دیں۔

میئر نے ہدایت کی کہ بلدیاتی خدمات کا عملہ فوری طور پر تمام برساتی نالوں کی صفائی یقینی بنائے اور مشینری سمیت عملہ کسی بھی وقت بارش کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور دستیاب ہو۔

 

انہوں نے خاص طور پر ان 46 نالوں کی فوری صفائی اور نگرانی پر زور دیا جو براہِ راست کے ایم سی کے انتظام میں ہیں تاکہ بارش کے دوران پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ نہ ہو اور شہری آبادی کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی اور وہ خود بھی شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی افسر یا ادارے کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر کوتاہی پائی گئی تو فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ ہدایات میئر ہاؤس میں ایک اجلاس کے دوران جاری کی گئیں جس میں کے ایم سی اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں شہری سہولت کاری اور بارش کے دوران ممکنہ ہنگامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

Related Posts