میئر کراچی کا ٹینکرز اور ہائیڈرنٹس کے ذریعے پانی کی فراہمی ختم کرنیکا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

میئر کراچی
(فوٹو: آن لائن)

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر بھر میں ٹینکرز اور ہائیڈرنٹس کے ذریعے پانی کی فراہمی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ میئر نے واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام کو ہدایات دے  دیں۔

تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے واٹر کارپوریشن کے حکام کو ٹینکرز اور ہائیڈرنٹس کی جگہ متبازل نظام لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے تمام ساتوں ہائیڈرنٹس کو بتدریج ختم کرکے لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔

گزشتہ نظام پر تنقید کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کرنا مسئلے کا مستقل حل نہیں ہے۔ شہریوں کو ٹینکرز اور ہائیڈرنٹس کے ذریعے پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے متعدد علاقوں میں لائنوں کے ذریعے پانی کی دستیابی آج بھی یقینی نہیں بنائی جاسکی۔ عوام ٹینکرز مافیا کے رحم و کرم پر اور ہر ماہ ہزاروں روپے کی ادائیگی کرکے گھریلو استعمال کا پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

میئر کراچی کے احکامات پر ٹینکر مافیا کے ستائے ہوئے کراچی کے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی کا بندوبست کریں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہائیڈرنٹس سے ماہانہ 30کروڑ روپے کا ریونیو حاصل ہوتا ہے جبکہ واٹر ہائیڈرنٹس کا کنٹریکٹ گزشتہ سال ختم ہوچکا۔ نئے کنٹریکٹس جاری نہیں کریں گے بلکہ شہریوں کی ٹینکرز سے جان چھڑائیں گے۔

Related Posts